پودگارشیا (آئی این پی) مونٹی نیگرو اپنے ترقیاتی پروگراموں میں سرمایہ کاری کرنیکے لیے غیر ملکیوں کو شہریت دے گا۔ اس نئے قانون کو اقتصادی شہریت کا نام دیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جنوری 2019 سے ہوگا اور جس سے تقریبا 2 ہزار غیر ملکی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکیں گے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اس سلسلے میں حکومت نے تین سالہ پروگرام جاری کر دیاہے جس کی شرائط بھی وضع کر دی گئی ہیں۔شرائط کے تحت سیاحتی اور ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں افراد
کو ساڑھے 4 لاکھ یورو ،وسطی علاقوں میں ڈھائی لاکھ جبکہ کم ترقی یافتہ علاقوں میں 1 لاکھ یورو جمع کروانے ہونگے۔ نائب وزیراعظم میلوتین سیموویچ نے کہا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو رغبت دلانا ہے تاکہ معیشت فروغ پا سکے ۔واضح رہے کہ مونٹی نیگرو کی کرنسی یورو ہی ہے لیکن وہ اس وقت یورپین یونین کا باقاعدہ حصہ نہیں تاہم یورپین یونین کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت عنقریب مونٹی نیگرو کو یورپین یونین میں شامل کرلیاجائے گا۔