کیلی فورنیا(این این آئی)کیلیفورنیا کے جنگلات میں جمعرات کو لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔ آگ سے جھلس کر مرنے والے افراد کی تعداد 31 ہو گئی۔کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں اور حکام ہلاکتیں بڑھنے کے خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔عالمی خبر رساں اداروں نے کہا کہ تیز ہواوں کے باعث فائر فائٹرزکو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم آگ پر تاحال قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
آگ سے کئی ہزار ایکڑ پر موجود درخت اور اس سے اطراف واقع مکانات راکھ ہوگئے۔ حکام کا کہنا تھا کہ آگ نے ہزاروں مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں کواپنے گھر بار چھوڑنے پڑے۔ان مکانات میں کئی ہالی ووڈ اسٹارز کے گھربھی شامل ہیں تاہم علاقہ خالی کرا لینے کے سبب جانی نقصان کم ہوا ہے۔ اب تک کئی لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے۔