مکہ مکرمہ(این این آئی) مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر سعود الشریم نے کہا ہے کہ زبان سے لوگوں کے دل جیتے جائیں ، زبان درازی کر کے جھگڑے اور جنگیں نہ کرائی جائیں۔ زبان اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے۔ اس کا شکر اسے اچھے کاموں میں استعمال کر کے کیا جائے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک خطاب میں امام حرم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو قرآن کا علم دیا۔
اسے بولنا سکھایا ، اگر انسان کے پاس زبان نہ ہوتی تووہ اشرف المخلوقات کی حیثیت سے اپنا کردار ادا نہ کر پاتا۔ زبان دل کا آئینہ اور اس کے اندرون کی ترجمان ہوتی ہے۔ انسان زبان کے ذریعے اپنی ہلاکت اور اپنی نجات کا سامان کرتا ہے۔ رسول اللہ کے اس ارشاد گرامی کو ہمیشہ مدنظر رکھا جائے جس میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ دوزخ میں منہ یا ناک کے بل زبان کی وجہ سے ہی لوگ ڈالے جائیں گے۔