واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں اپنی شاندار کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈیموکریٹس کے پیسے کی چمک اور ابلاغی مہم کے باوجود انتخابات میں ہم نے تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات کو صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اگر ڈیموکریٹک رہنماؤں کو لگتا ہے کہ وہ ٹیکس ادا کرنے والوں کا پیسہ ہماری ایوان میں تحقیقات کرنے میں ضائع کر
سکتے ہیں تو اسی طرح ہمیں بھی خفیہ معلومات لیک کرنے کے معاملے میں انکی تحقیقات سینیٹ میں کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ یہ کھیل دو طرفہ ہو سکتا ہے۔صدارتی انتخاب 2020 میں ہونے ہیں لیکن ان وسط مدتی انتخابات کو ان کی صدارت کے دو سال پر ریفرینڈم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انہیں امریکا کے طول و عرض اور بیرون ممالک سے حمایتیوں کی جانب سے مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان کا اشارہ کن ممالک کی جانب تھا۔