واشنگٹن(این این آئی)امریکا کے وزیر انصاف جیف سیشنز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سیشنز کے خط میں کہا گیا کہ میں قانونی عمل کے بنیادی پہلوؤں کی مدد کے لیے، جو انصاف کی بنیاد ہیں، یہ کام اپنی بہترین صلاحیت کے ساتھ ادا کرتا رہا ہوں۔صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سیشنز کے چیف آف سٹاف میتھیو جی ویٹاکر اب قائم مقام اٹارنی جنرل
کے طور پر خدمات سرانجام دیں گے۔ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر سیشنز کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یہ اعلان کیا کہ ان کے چیف آف سٹاف میتھیو ویٹاکر قائم مقام اٹارنی جنرل کے طور پر کام کریں گے اور یہ کہ مستقل بنیاد پر اس عہدے کے لیے تعیناتی بعد میں کی جائے گی۔ اگست کے شروع میں ٹرمپ نے اپنے ایک انٹرویو میں سیشنز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ محکمہ انصاف کا کنٹرول سنبھالنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔