صنعاء(این این آئی)یمنی فوج نے الحدیدہ کے ساحلی شہر میں حوثی ملیشیا کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ اس سے قبل یمنی فوج نے جنوبی، مغربی اور مشرقی سمتوں سے شہر کا محاصرہ کر لیا تھا اور باغیوں کے فرار کے لیے شمالی سمت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی فوج نے اس امر کی تصدیق کی کہ اْس کی فورسز الحدیدہ کی بندرگاہ سے صرف 5 کلو میٹر کی دوری پر ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق باغی ملیشیا کے درجنوں ارکان نے ہتھیار ڈال کر خود کو یمنی فوج کے حوالے کر دیا۔یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کی جانب سے الحدیدہ شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے کئی روز سے ایک جامع عسکری آپریشن جاری ہے۔ اس دوران حوثیوں کو یکے بعد دیگرے اپنے درجنوں ٹھکانوں سے ہاتھ دھونا پڑے ہیں۔اس سے قبل پیر کے روز العمالقہ بریگیڈز نے اعلان کیا تھا کہ اس نے الحدیدہ شہر کے مشرقی حصے میں صوامع، مطاحن اور جولی الشحاری کے علاقوں سے حوثی ملیشیا کو بھگا کر وہاں کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کی جانب سے الحدیدہ کو حجہ کے ساتھ ملانے والے راستے پر کنٹرول کے لیے پیش قدمی کی کوششیں جاری ہیں۔ اس کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کی سپلائی کی اہم لائنیں منقطع ہو جائیں گی۔