دمشق(این این آئی)شامی صدر بشارالاسد نے کہا ہے کہ ان کے ملک میں طویل مدت کے لیے روسی فوج کی ضرورت ہے اور اس کی خدمات کی صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ ہی نہیں ، دوسرے امور کے لیے بھی درکار ہیں۔روسی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق شامی صدر نے یہ بات ایک انٹرویو میں کہی۔ بشارالاسد نے کہا کہ شام میں مہاجرین کی تیزی سے واپسی دمشق اور ماسکو کے درمیان بات چیت کا ایک اہم موضوع اور ایشو ہے۔شامی صد ر نے ملک میں جاری جنگ ، بم دھماکوں اور لڑاکا طیاروں کے
فضائی حملوں میں شہریوں کو ابتدائی طبی امداد دینے اور ان کی جانیں بچانے کے لیے کام کرنے والے رضا کار گروپ وائٹ ہیلمٹس کے ارکان کو بھی سخت دھمکی آمیز پیغام دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر وائٹ ہیلمٹس کے کارکنان نے عام معافی کی پیش کش کو قبول کرنے سے انکار کیا تو ان کا بھی تمام دہشت گردوں کی طرح قلمع قمع کردیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ملک شمال مغربی صوبے ادلب اور دوسرے علاقوں میں جہاں کہیں دہشت گرد موجود ہیں ، ان کے خلاف کارروائی شامی فوج کی سرگرمیوں میں اولین ترجیح ہوگی۔