انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہاہے کہ ان کا ملک شام کی اراضی آزاد کرانے کا سلسلہ جاری رکھے گا یہاں تک کہ پناہ گزینوں کی بحفاظت شام واپسی ہو جائے۔ میڈیارپورٹس کیمطابق انہوں نے یہ بات صدارتی انتخابات میں جیت کے بعد پیر کے روز کہی۔انقرہ میں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے صدر دفتر میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ایردوآن نے کہا کہ ترکی مزید جوش کے ساتھ زیادہ فیصلہ کن انداز سے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف حرکت میں آئے گا۔
اس سے قبل ترکی میں انتخابات کے سپریم کمیشن کے سربراہ نے اعلان کیا تھا کہ اتوار کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں رجب طیب ایردوآن نے نصف سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے جیت کو گلے سے لگا لیا۔صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے بعد انقرہ میں کمیشن کے صدر دفتر میں اپنے خطاب کے دوران سعدی جوِفن نے بتایا کہ کردوں کی حمایت یافتہ ڈیموکریٹک پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ میں داخلے کے لیے مطلوب کم از کم شرح یعنی دس فی صد سے زیادہ ووٹ حاصل کر لیے ہیں۔