ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے کہا ہے کہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی سعودی عرب کے شہر ظہران میں منعقدہ القدس سربراہ اجلاس میں عدم شرکت ان کے اکھڑپن کی واضح مظہر ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ امیر قطر کی ظہران عرب سربراہ اجلاس سے غیر حاضری دوحہ کی بحران کے آغاز کے بعد سے اختیار کردہ غیر لچکدار پالیسی کا فطری اور قابلِ افسوس نتیجہ ہے۔
اس میں دانش عنقا ہے اور اس کی خطے میں تنہائی اور دیوار سے لگنے کا سلسلہ جاری ہے۔اس کا میڈیا ، تعلقاتِ عامہ کی کمپنیوں یا زر خرید وفاداری سے ازالہ نہیں کیا جاسکتا۔انور قرقاش نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ظہران میں عرب سربراہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہوا ہے جب عرب دنیا ایک نازک دور سے گزر رہی ہے اور ان غیر معمولی حالات میں مشترکہ عرب نقطہ نظر اور اجتماعی لائحہ عمل وضع کرنے کے لیے یہ اجلاس بلایا گیا تھا۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز اس سب کی صلاحیت کے حامل تھے۔