واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ اْس کے جوہری اور بیلسٹک میزائیلوں کے حوالے سے مذاکرات ممکن ہیں بشرطیکہ شمالی کوریا بامعنی مذاکرات پر راضی ہو۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ ٹیلرسن اپنے مصری ہم منصب سامع شوکری کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اْنہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کو خود طے کرنا ہو گا کہ وہ ہمارے ساتھ بامعنی مزاکرات شروع کرنے کیلئے کب تیار ہو گا۔ اْن کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ اسے مزاکرات کی میز پر بیٹھ کر کیا بات کرنی ہے۔اْنہوں نے دورہ مصر کے دوران لیبیا اور شام کے بارے میں بات چیت کرنے کے علاوہ اسرائیل فلسطین امن پروگرام کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ اْنہوں نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر ،پاکستان ،شام سمیت دنیا کے ایسے تمام ممالک کی مدد کرتا رہے گاجو دہشت گردی کا شکار ہیں۔