واشنگٹن(نیوز ڈیسک)برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک 15 سالہ لڑکے نے سپر پاور امریکہ کے اعلیٰ افسران کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق برطانوی شہر لائسیسٹر شائر سے تعلق رکھنے والے اس لڑکے جس کا نام کین گیمبل ہے ،اس نے سی آئی اے کے سابق سربراہ جان برینن جیسی شخصیت کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا اور بآسانی اس کے ذاتی کمپیوٹر تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
کین نے جب سی آئی اے کے سربراہ جان برینن کے اے او ایل اکاﺅنٹ تک رسائی حاصل کی تو وہ ان کی تمام ای میلز بھی دیکھ سکتا تھا۔ اس نے جان برینن کے آئی کلاﺅڈ سٹوریج تک بھی رسائی حاصل کی اور حتیٰ کہ ان کی اہلیہ کے آئی پیڈ تک بھی ریمورٹ ایکسیس حاصل کرلی تھی۔ جس خفیہ ترین مواد تک اس نے رسائی حاصل کی اس میں ملٹری آپریشن اور انٹیلی جنس آپریشن کی تفصیلات بھی تھیں جو افغانستان اور ایران سے متعلق تھیں۔اسی طرح کین نے ایف بی آئی ہیلپ ڈیسک کو بھی قائل کرلیا کہ وہ اس ادارے کا ڈپٹی ڈائریکٹر مارک گلیانو ہے، جبکہ ایف بی آئی کے انٹیلی جنس ڈیٹا بیس تک بھی رسائی حاصل کرلی۔ کین نے سوشل انجینئرنگ کی تکنیک کو استعمال کرتے ہوئے امریکی سیکرٹری برائے ہوم لینڈ سکیورٹی اور سابق صدر باراک وباما کے دور میں ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کو بھی اپنا ہدف بنایا۔واضح رہے کہ کین یہ سب کچھ امریکا کی حساس ترین خفیہ معلومات کے حصول کے لئے نہیں بلکہ اس کے حساس اداروں سے متعلقہ اعلیٰ شخصیات کو تنگ کرنے کے لئے کرتا تھا کیونکہ اسے امریکہ کے کرپٹ حکمرانوں پر بہت غصہ آتا تھا۔