واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات ایک ہفتے یا ایک مہینے میں ختم نہیں ہو سکتے ہیں، تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے مسلم کمیونٹی ساجد تارڑ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان
اور امریکہ کے تعلقات بہت جلد معمول پر آ جائیں گے، دونوں ممالک کے 70 سالہ تعلقات ایک ہفتے یا ایک مہینے میں ختم نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر بالکل مایوس نہیں ہوں، ساجد تارڑ نے کہاکہ کچھ سیاست دان پاک امریکہ تعلقات پر اپنی دکانداری چمکانے میں مصروف ہیں مگر امریکہ میں رہنے والے پاکستانی یہ غلط فہمیاں دور کرنے میں اپنا اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ مشیر ساجد تارڑ نے کہا کہ حساس معاملات پر پاکستانی سیاستدان انتشار کی بجائے احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھیں، امریکہ نے پاکستان کی امداد بند نہیں کی ہے بلکہ معطل کی ہے جب کہ اس معاملے پر دونوں ممالک نے مختلف آپشنز پر غور بھی کیا ہے۔ امریکی صدر کے پاکستان مخالف بیان کے بعد پاکستان نے بھی اپنا سخت ردعمل ظاہر کیا تھا اور امریکہ کے لیے مزید کچھ نہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے مسلم کمیونٹی ساجد تارڑ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہت جلد معمول پر آ جائیں گے، دونوں ممالک کے 70 سالہ تعلقات ایک ہفتے یا ایک مہینے میں ختم نہیں ہو سکتے۔