صنعاء(این این آئی)یمن کی جنرل پیپلز کانگریس نے ایران نواز حوثی گروپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقتول سابق صدر علی عبداللہ صالح کا جسد خاکی واپس کرے اور گرفتار کیے گئے تمام افراد کو رہا کیا جائے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن کی سیاسی جماعت کی جانب سے حوثیوں سے یہ اس نوعیت کا پہلا باضابطہ مطالبہ ہے۔پیپلز کانگریس کے اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں جماعت کے عبوری صدر صادق ابو راس نے کہا
کہ ہم حوثیوں سے مقتول صدر علی صالح کا جسد خاکی واپس کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس کیساتھ ساتھ گرفتار کیے گئے پیپلز کانگریس کے تمام کارکنوں اور رہ نماؤں کو بھی فوری طور پررہا کیا جائے۔پیپلز کانگریس کے وفد نے اقوام متحدہ کے یمن کے لیے معاون خصوصی کے نائب معین شریم سے سے ملاقات کی۔ خیال رہے کہ معین شریم ان دنوں حوثیوں کے ساتھ بات چیت کرکے انہیں اقوام متحدہ کی زیرنگرانی بات چیت میں شمولیت پرآمادہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔پیپلز کانگریس کی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کی قیادت نے مقتول صدر علی عبداللہ صالح کی میت واپس کرنے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ حوثیوں پر زور دیا ہے کہ وہ گرفتار کیے گئے تمام کارکنان کو فوری طور پر رہا کریں۔ پیپلز کانگریس کی طرف سے علی عبداللہ صالح کے گرفتار بیٹے صلاح عبداللہ صالح کے بارے میں معلومات فراہم کرنے اور اس کی صحت کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کے ذریعے احمد علی عبداللہ صالح پرعاید کردہ پابندیاں اٹھائے۔