ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے پہلی مرتبہ اپنے پانچ فی صد حصص کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے فروخت کے لیے بعض عالمی بنکوں کے اعلیٰ انتظامی نمائندوں کو مملکت میں آنے کی دعوت دی ہے ۔ان سے حصص کی فروخت کے لیے مشاورت کی جائے گی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سٹی بنک،ڈیوشے اور گولڈ مین سچز سمیت مختلف عالمی بنکوں کو آیندہ ہفتوں کے دوران میں حصص کی فروخت پر مشاورت کی غرض سے سعودی عرب آنے کی دعوت دی گئی ہے۔اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ 2018ء میں آرامکو کے پہلی مرتبہ پانچ فی صد حصص کی فروخت کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔دو بنک کاروں اور تین ذرائع نے بتایا کہ سٹی ، ڈیوشے اور گولڈ مین سچز کے اعلیٰ انتظامی افسر اور کیپٹل مارکیٹ کی ٹیموں کے ارکان سعودی عرب میں آرامکو کے حکام کے ساتھ اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔یہ تینوں بنک آرامکو کے پانچ فی صد حصص کی فروخت کے عمل میں عالمی رابطہ کار کے طور پر انتخاب کے لیے بولی میں حصہ لیں گے۔انھوں نے مزید بتایا کہ یہ بات چیت سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے شہر الظہران میں ہوگی جہاں آرامکو کے صدر دفاتر واقع ہیں۔تاہم سعودی آرامکو ، ڈیوشے بنک ، سٹی بنک اور گولڈمین سچز نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔