جدہ(آن لائن)سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ( جوازات ) نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک غیر ملکی شہری کے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ فائنل ایگزٹ ویزہ پر جانے والوں کو اقامہ کی ایکسپائری تاریخ سے قطع نظر 2 ماہ کی مہلت دی جاتی ہے۔ مدت کے دوران سفر نہ کرنے پر ایک ہزار ریال جرما نہ ہو گا۔ جوازات کی جانب سے
ٹوئٹر پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ قانون کے مطابق ایگزٹ ویزہ کی مدت 2 ماہ ہوتی ہے۔مدت ختم ہونے سے قبل سفر کرنا لازمی ہے۔ سفر کا ارادہ ملتوی ہونے کی صورت میں ویزہ منسوخ کروایا جائے بصورت دیگر پہلی بار خلاف ورزی پر ایک ہزار ریال جرمانہ کیاجاتا ہے۔ یہی خلاف ورزی دہرانے پر جرمانے کی رقم 2 ہزار اور تیسری بار 3 ہزار ہوتی ہے۔جو تارکین مقررہ مدت کے دوران سفر کا ارادہ ملتوی کرنا چاہیں تو ان پر لازم ہے کہ وہ فوری طور پر فائنل ایگزٹ ویزہ کینسل کروائیں تاکہ جرمانہ سے بچا جاسکے۔ واضح رہے ایگزٹ ری انٹری ویزے کے لئے بھی یہی شرط لاگو ہوتی ہے۔ مقررہ مدت کے دوران سفر نہ کرنے پر اسے منسوخ کروانا لازمی ہوتا ہے بصورت دیگر ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے۔