اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران سعودی عرب کو غیرمستحکم کرکے مکہ مکرمہ اور مدینہ پر قبضہ جمانا چاہتا ہے، پاکستان میں تعینات یمنی سفیر کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات یمنی سفیر محمد مطہر العشبی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سعودی عرب کو غیر مستحکم کر کے مکہ مکرمہ اور مدینہ پر قبضہ جمانا چاہتا ہے۔ پاکستان کے موقر قومی روزنامے نوائے وقت کی رپورٹ کے مطابق یمنی سفیر کا کہنا تھا کہ یمن کا دو ہزار کلومیٹر سمندری ساحل جس کے ذریعے اسلحہ یمن میں سمگل کیا جا رہا ہے، اسے روکنا ممکن نہیں۔
پاکستان کی جانب سے یمن فوج نہ بھیجے جانے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے یمنی سفیر کا کہنا تھا کہ یمن اور سعودی عرب پاکستان کی پوزیشن کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ پاکستان اور یمن کے درمیان تعلقات کو انتہائی دوستانہ قرار دیتے ہوئے یمنی سفیر نے کہا پاکستان نے ہمیشہ یمن کی مدد کی ہے۔ پاکستان کی تیل کی کمپنیاں یمن میں کام کر رہی ہیں۔ سینکڑوں یمنی طلبہ پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ کئی پاکستانی سکول یمن میں تعلیم دے رہے ہیں۔ پاکستان نے اس سال دس لاکھ من گندم بطور امداد یمن کو فراہم کی ہے۔