ریاض(آئی این پی)سعودی عرب کے وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد العواد نے مصر میں گذشتہ جمعہ کو ایک مسجد میں دہشت گردانہ حملے میں نمازیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی سینا میں جامع
مسجد الروضہ میں دہشت گردوں کے مجرمانہ واقعے پر سعودی عرب مصر کے ساتھ ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کے مطابق اپنے ایک بیان میں سعودی وزیر ثقافت واطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب مصر کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار قاہرہ کے دورے کے دوران ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ایرانی رجیم دنیا بھر میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست اور دنیا بھر کے دہشت گردوں کا روحانی باپ ہے۔ ایران نے دہشت گردی کی انفرادی کارروائیوں کو مربوط عسکری، مالی اور ابلاغی اداروں کی شکل میں تبدیل کیا ہے۔سعودی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایران کی سرگرمیوں کا مقصد عرب خطے میں اپنی سیاسی بالادستی قائم کرنا ہے۔ڈاکٹر عواد العواد نے دہشت گرد گروپوں کی سرپرستی اور ان کی معاونت روکنے کے لیے موثراقدامات کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کے منفی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دیں اور دہشت گردوں کو بے نقاب کرنے میں مدد کریں۔