ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی ائر ڈیفنس نے یمن سے داغا جانے والا حوثی میزائل ریاض کے شمال میں ناکارہ بنا دیا۔ میزائل سے کسی قسم کا جانی اور مادی نقصان نہیں ہوا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی حکام نے بتایاکہ اس میزائل کو یمن میں سرگرم باغیوں نے مملکت پر داغا تھا۔ میزائل معمولی حجم کا تھا۔
متاثرہ علاقے میں زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ائر پورٹ پر پروازوں کا سلسلہ بھی جاری و ساری ہے۔اس سے قبل تیس اکتوبر کو ایک میزائل یمنی علاقے صعدہ میں گرا تھا کیونکہ حوثی اسے سعودی عرب پر داغنے میں ناکام رہے۔حوثی ملیشیا نے اکتوبر کے وسط میں بھی یمنی علاقے فج عطان سے داغا جانے والا میزائل دارلحکومت صنعاء کے شمالی علاقے ذھبان میں جا گرا تھا جبکہ اس کا نشانہ سعودی سرزمین تھی۔حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے متعدد مقامات اور شہروں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانے بنانے کا سلسلہ جاری ہے جسے مملکت کا میزائل شکن سسٹم کامیابی سے ناکام بنا رہا ہے۔