ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)شوہر کی دوسری شادی کے اخراجات اٹھانے والی سعودی خاتون کے چرچے۔مقامی نیوز ویب سائٹ سبق کے مطابق مذکورہ خاتون، جو ایک گاؤں کے اسکول میں ہیڈمسٹریس ہیں، نے اپنے شوہر کو دوسری شادی پر واٹس ایپ پیغام کے ذریعے مبارک باد دی۔مذکورہ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون کے شوہر سلیمان ناصر البولاوے نے بتایا کہ ان کی پہلی بیوی اور ان کے اہلخانہ نے ان کی دوسری اہلیہ کو شادی پر مبارک دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی پہلی بیوی ایک بہترین
شریک حیات اور ماں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ان کی ملازمت بہت وقت طلب ہے تاہم وہ خود ہر چیز کا خیال رکھتی ہیں اور کسی گھریلو ملازم کی مدد حاصل نہیں کرتیں ساتھ ہی وہ میری بوڑھی والدہ کی بھی دیکھ بھال کرتی ہیں۔سلیمان البولاوے نے بتایا کہ اگرچہ معاشرے میں یہ تصور رائج ہے کہ دوسری شادی سے مسائل پیدا ہوتے ہیں لیکن انہیں اس حوالے سے کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔جلد ہی یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں کسی نے سلیمان البولاوے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تو کسی نے ان کی پہلی اہلیہ کو سراہا۔