اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی شہری نے نریندر مودی کو بذریعہ خط سونامی کے ممکنہ خطرات سے خبردار کیاہے، تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہری بابو کالیال کا وزیراعظم نریندر مودی کے نام خط سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے جس میں انہوں نے سونامی کے ممکنہ خطرات سے خبردار کیا اور پاکستان اور بھارت سمیت 11 ایشیائی ممالک میں سونامی کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ ممالک جلد از جلد
اس طوفان کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ بھارتی شہری بابو کالیال نے اپنے خط میں کہا کہ 31 دسمبر 2017ء سے قبل بحرہند میں خطرناک زلزلہ آئے گا جس کی وجہ سے ایشیائی ممالک کے ساحلوں پر سونامی کے خطرات ہیں۔ بھارتی شہری نے اپنے خط میں کہا کہ یہ سونامی اس قدر خطرناک ہوگا کہ اکثر ممالک کے ساحلوں کا حلیہ ہی تبدیل ہو جائے گا نہ صرف حلیہ تبدیل ہو گا بلکہ ان کا رقبہ بھی پھیل جائے گا۔ سونامی سے ایشیا کے 11ممالک متاثر ہوں گے۔ ان ممالک میں پاکستان، چین، بھارت، جاپان، نیپال، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، انڈونیشیا،افغانستان اور سری لنکا شامل ہیں جبکہ یہ خلیجی ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ بابو کالیال نے خط میں مزید لکھا کہ اس موقع پر شیشما طوفان آئے گا جو کہ 120کلومیٹر سے 180 کلومیٹر تک پھیل جائے گا اور شدید سونامی کا خطر ہ ہے۔ واضح رہے کہ بابو کالیال نامی شخص بی کے ریسرچ ایسوسی ایشن فار ای ایس پی کا ڈائریکٹر ہے، اس نے اپنے خط میں بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے کہا کہ اس نے20 اگست کو اس بات کا مشاہدہ کیا تھا اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کو بذریعہ خط آگاہ کر رہا ہوں۔