کویت سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹریفک قوانین کے حوالے سے پانچ سنگین خلاف ورزیوں پر کویت میں مقیم غیر ملکیوں کو مملکت سے بے دخل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ تجویز کویت میں ٹریفک امور سے متعلق سیکرٹری داخلہ نے گذشتہ روز
نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ خالد الجراح کو پیش کی۔اعلیٰ کویتی عہدیدار نے واضح کیا کہ ضروری نہیں کہ پانچوں خلاف ورزیاں ایک ہی بار کی گئی ہوں۔ یہ خلاف ورزیاں مختلف اوقات اور مقامات پر ہو سکتی ہیں۔ اگر کسی غیر ملکی نے 5 برس کے دوران 4 سنگین ٹریفک خلاف ورزیاں کی ہوں گی تو پانچ برس مکمل ہونے پر انہیں غیر ملکی کے ریکارڈ سے ساقط کر دیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق اگر کوئی شخص 5 سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو چکا ہو گا تو پیش کردہ تجویز کے مطابق اس کے اقامے کی تجدید نہیں ہو گی اسے بلیک لسٹ کر کے کویت سے بیدخل کر دیا جائے گا۔کویتی عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ سنگین خلاف ورزیوں میں حفاظتی بیلٹ نہ باندھنا، ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنا، گاڑی فٹ پاتھ پرچڑھا دینا، پیدل چلنے والوں کے لئے مخصوص جگہوں پر گاڑی پارک کرنا اور ٹریفک کو معطل کرنا شامل ہیں۔ متذکرہ تجویز پر ان دنوں غور جاری ہیاور اسے روبعمل لانے سے پہلے ماہرین تجویز کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔