بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے ایک بار پھر پاکستان سے اپنی دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو ماننا اور سراہنا چاہیے۔امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان پر ردعمل دیتے ہوئے
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی کے باہمی تعاون پرخوش ہیں اور چین دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے۔یاد رہے کہ دو روز قبل امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے وفود کی سطح پر پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات کی تھی۔ملاقات کے دوران پاک امریکا تعلقات سمیت افغانستان اور خطے کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات باہمی اعتماد اور علاقائی امن و استحکام بڑھانے میں سازگار ثابت ہوں گے۔چین کی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان نے عالمی امن اورعلاقائی استحکام کیلئے بہت کام کیا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سب سے آگے ہے۔بیجنگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں گراں قدر قربانیاں دی ہیں لہذا عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہنا چاہیے۔