واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ تجارت کی عالمی تنظیم امریکہ کو چھوڑ کر سب کے فائدے کے لئے قائم ہوئی ہے ،امریکی کمپنیوں پر غیر ملک میں کام کرنے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ فاکس بزنس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے مضحکہ خیز دعوی کیا ہے کہ تجارت کی عالمی تنظیم امریکہ کو چھوڑ کر سب کے فائدے کے لئے قائم ہوئی ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ اس تنظیم میں چونکہ امریکہ کی حمایت میں فیصلے کرنے والے کم ہیں اس لئے امریکہ کی زیادہ نہیں
سنی جاتی۔ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو دھمکی بھی دی کہ انھوں نے اگر امریکہ کو چھوڑ کر دیگر ملکوں میں کا م کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ ٹرمپ نے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ ان کے اور ریپبلکن اراکین کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔ انھوں نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی؛ کمیٹی کے ریپبلکن سربراہ باب کورکر اور ایک اور ریپبلکن سینیٹر جیف فلیک نے حال ہی میں ٹرمپ اور ان کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔