واشنگٹن(آئی این پی)امریکا نے ایرانی نواز لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کر دی، امریکا جلد ہی ایران پر بلیسٹک میزائل پروگرام جاری رکھنے پر نئی پابندیوں کا نفاذ عمل میں لائے گا،مستقبل میں حزب اللہ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا جائے گا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ایوان
نمائندگان نے ایرانی نواز لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دی ہے۔ امریکی کانگریس ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام جاری رکھنے پر تہران کے خلاف نئی پابندیوں کی منظوری بھی دے گی۔ نئی پابندیوں کے تحت حزب اللہ کے خلاف تین اہم قدامات اٹھائے جائیں گے۔حزب اللہ کے خلاف نئی پابندیوں کے تحت تنظیم کو رقوم اور اسلحہ سمیت کسی بھی قسم کی معاونت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ دوسرے اقدام میں ایران اور حزب اللہ پر شہریوں کو انسانی ڈھال بنانے پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں جبکہ تیسرے اقدام میں یورپی یونین سے مطالبہ کیا گیاہے کہ وہ حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے۔ حزب اللہ پر پابندیوں کے لیے رائے شماری میں کسی رکن نے مخالفت میں ووٹ نہیں ڈالا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 13 اکتوبر کو ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے کی مزید توثیق سے انکار کردیا تھا اور اس معاہدے سے الگ ہونے کی دھمکی بھی دی تھی۔