اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکلتا جا رہاہے، یہ کہنا تھا بھارت کے سابق وزیر خارجہ یشونت سنہا کا، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کا اب بھارت سے اعتماد اٹھ چکا ہے اس لیے کشمیر اب بھارت کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ میڈیا ذرائع نے بتایاکہ سابق بھارتی وزیر خارجہ اور بی جے پی کے رہنما یشونت سنہا نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے گزشتہ
دس ماہ سے ملاقات کے لیے وقت مانگ رہا ہوں مگر وہ ملنے کو تیار نہیں اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی جواب دیا جا رہاہے۔ یشونت سنہا نے کہا کہ میں مودی سے کشمیر کے حوالے بات کرنا چاہتا ہوں مگر وہ وقت ہی نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا بھارت سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ہم سے دور ہوتے چلے جا رہے ہیں اس بارے میں بھارت کی موجودہ قیادت کو کچھ کرناچاہیے۔