نئی دہلی(این این آئی)بھارت کے دریائے جمنا میں مزدوروں سے بھری ایک کشتی ڈوبنے کے باعث کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے ۔ دریا بْرد ہونے والی اس کشتی پر سوار 30 سے زائد افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی حکام نے کہاکہ یہ حادثہ ملک کی شمالی ریاست اْتر پردیش میں پیش آیا۔ ایک اعلیٰ پولیس اہلکار رام کمار کے مطابق کشتی ڈوبنے کے بعد لاپتہ ہو جانے والے مسافروں کی تلاش کا کام
جاری ہے۔ریاست اْتر پردیش کے شہر باغ پت کے قریب دریائے جمنا میں ڈوبنے والی اس کشتی پر 60 سے زائد افراد سوار تھے۔ رام کمار کے مطابق کم از کم 10 افراد تیر کر کنارے تک پہنچے جبکہ 19 لاشوں کو دریا سے نکالا جا چکا ہے۔ کمار کے مطابق ابھی تک 30 سے زائد افراد لا پتہ ہیں۔حکام اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں حالانکہ قوی امکان یہی ہے کہ یہ کشتی گنجائش سے کہیں زیادہ تعداد میں مسافروں کی موجودگی کے باعث ڈوبی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھوانی سنگھ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کشتی پر 35 مسافروں کی گنجائش تھی۔ بھوانی سنگھ کے مطابق تعمیراتی مزدور باغ پت میں اپنے کام پر جانے کے لیے ہر روز کشتیوں کے ذریعے دریا پار کرتے ہیں۔بھارت میں کشتیوں کے حادثات اکثر و بیشتر ہوتے رہتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ ان کشتیوں کی غیر محفوظ تعمیر ہے تو دوسری اہم وجہ اکثر وبیشتر ان پر گنجائش سے کہیں زیادہ مسافروں کو سوار کرنا بھی ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں سلامتی کے حوالے سے قوائد کا بھی فقدان ہے۔حالیہ شدید مون سون بارشوں کے سبب بھارت کے اکثر دریاؤں میں پانی کی سطح کافی بلند ہو گئی ہے۔ ان دریاؤں کے ارد گرد آباد دور دراز علاقوں میں ایک سے دوسرے کنارے پر جانے کے لیے اکثر کشتیوں کا ہی سہارا لیا جاتا ہے۔