واشنگٹن (این این آئی) امریکی عدالت عالیہ نے دنیا بھر سے ملک میں آنے والے پناہ گزینوں کی آمد پر عائد پابندی کو بحال کرتے ہوئے صدارتی حکم نامے پر عمل درآمد کی اجازت دیدی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو ٹرمپ انتظامیہ کی فتح کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے 6 مارچ کو ایک صدارتی حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام،
اور یمن سے آنے والے پناہ گزینوں کی آمد پر 120 روز کے لیے پابندی عائد کی گئی تھی۔ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی سپریم کورٹ کو درخواست دی تھی کہ وفاقی اپیلز کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے جس کے تحت امریکا میں 24000 مزید پناہ گزینوں کو داخلے کی اجازت دی جانی تھی۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ہائیکورٹ نے سفری پابندیوں کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے صدارتی حکم نامے کی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا تھا۔