واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزارت خارجہ نے مزید چار ممالک کمبوڈیا، اریٹیریا، کینیا اور سیرالیون کے شہریوں کو امریکی ویزوں کا اجراء روک دیا۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ پابندی اس وقت لگائی گئی جب ان ملکوں نے امریکا سے اپنے بعض شہریوں کو جنہیں امریکا نکالنا چاہتا ہے قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے نئی پالیسی کے بارے میں برقی پیغام سے بھی آگاہ کیا جس کی تفصیل
ایک پریس کانفرنس میں بیان کی گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان افریقی ملکوں کے امریکا میں غیرقانونی طور پرقیام پذیر باشندوں کو واپس بھیجنا چاہتا ہے مگر وہاں کی حکومتوں نے اپنے شہریوں کو نکالے جانے کی مخالفت کی ہے۔امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے دنیا بھر کے قونصل خانوں کو برقی پیغامات ارسال کیے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ان چار ممالک نے غیرقانونی مہاجرین کی واپسی کو یا تو قبول کرنے سے انکار کردیا یا اس میں بغیر وجہ کے تاخیر کی ہے۔ اگر یہ ممالک پناہ گزینوں کی واپسی قبول نہیں کرتے تو ان کے شہریوں کو امریکی ویزوں کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔