واشنگٹن (آئی این پی )امریکہ نے کہا ہے کہ اگر روسی ساختہ دفاعی نظام ترکی نے خریدنے کے بعد اس کا استعمال نیٹو قواعد کے مطابق نہیں کیا تو یہ صورت حال باعث تشویش ہوگی۔غیر ملکی میڈیا کے مطا بق امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان ہیتھر ناوآرٹ نے ترکی اور روس کے درمیان ایس 400 میزائل نظام کی خریداری سے متعلق کہا ہے کہ یہاں یہ بات اہم ہے کہ نیٹو کا رکن ملک ادارے کے قواعد کے مطابق عسکری
سازو سامان کا استعمال کرتا ہے یا نہیں۔ ترجمان نے اپنی یومیہ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر روسی ساختہ دفاعی نظام ترکی نے خریدنے کے بعد اس کا استعمال نیٹو قواعد کے مطابق نہیں کیا تو یہ صورت حال باعث تشویش ہوگی ۔ یاد رہے کہ صدر ایردوان نے قازقستان سے واپسی پر کہا تھا کہ ترکی ایک خود مختار ملک ہے جسے اپنا دفاعی نظام بہتر بنانے کے لیے کسی دیگر ملک کی اجازت لینے کی
ضرورت نہیں۔