واشنگٹن (آئی این پی)چین کے سٹیٹ کونسلر یانگ جی چی نے یہاں گذشتہ روز امریکہ کے سیکرٹری آف سٹیٹ ریکس ٹلرسن سے ملاقات کی ، ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا کیونکہ امریکہ چین تعلقات میں حالبہ مثبت پیشرفت دونوں ممالک اور عالمی برادری کے مفاد میں ہے ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چینی رہنما یانگ جی چی نے کہا کہ دونوں ممالک نے چینی صدر شی جن
پھنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دیئے گئے رہنما اصولوں کی روشنی میں دوطرفہ تعلقات میں اہم پیشرفت حاصل کی ہے، اس لئے دونوں رہنمائوں کے درمیان جن اہم معاملات پر اتفاق رائے ہوا ہے ان پر عملدرآمد کیا جانا چاہئے ، اس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا اور دونوں ممالک کو تعاون کو فروغ دینے اوراپنے اختلافات کو صحت مندانہ انداز میں طے کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے تا کہ دوطرفہ تعلقات میں مستحکم پیشرفت ہو سکے ۔یاد رہے کہ صدر شی جن پھنگ کی دعوت پر امریکی صدر اس سال کے آخر تک چین کا دورہ کریں گے ۔ چینی رہنما نے مزید کہا کہ چین امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے تا کہ امریکی صدر کے دورے کے مثبت نتائج سامنے آ سکیں ۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ دوطرفہ تبادلوں اور ہر سطح پر مذاکرات کو مستحکم بنائیں ، مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنائیں، عوام کے رابطوں کو فرو غ دیں اوراپنے اختلافات تعمیری اندازمیں طے کریں ، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ ٹلرسن نے کہا کہ امریکہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے چین کے ساتھ کام کرنے کا خواہش مند ہے ، امریکی صدر چین کے دورے کے منتظر ہیں جس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مستقبل میں مزید فروغ دینے کی راہ متعین کی جائیگی ۔