ہیکو (آئی این پی) جنوب چین کے صوبے ہینان کے محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان ڈوک سری کے بارے میں الرٹ جاری کر دیا ہے، یہ اس سال کا خطے میں آنیوالا 19واں طوفان ہو گا ،گذشتہ روزمقامی وقت کے مطابق صبح 5:00بجے جنوبی چینی سمندروں کے پاس اس طوفان کے آثار نظر آئے ، یہ چین کے جنوب مشرقی صوبے ہینان کے شہر سانیہ سے 970کلومیٹر دور ہے، طوفان کی رفتار کا اندازہ 18میٹر فی سیکنڈ
لگایا گیا ہے۔موسمیاتی مرکز نے پیشنگوئی کی ہے کہ ڈوک سری طوفان شمال مغرب میں 15سے 20کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آئے گا ،وہ جمعرات کی رات اور جمعہ کی صبح کے درمیان صوبہ ہینان کے ساحلی جزیرے یا ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا ، جس کے باعث جنوبی چین کے بعض علاقوں میں چند روز تک موسلادھار بارشیں ہوں گی اور اولے پڑیں گے۔چین کے محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ
طوفان اور بارشوں سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، ہینان کے موسمیات بیورو نے بحری جہازوں اور ماہی گیروں کو بھی انتباہ کیا ہے کہ وہ ساحل پر آ جائیں تا کہ طوفان کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں ۔