صنعاء(این این آئی)یمن کے نائب صدر جنرل علی محسن الاحمر نے خبردار کیا ہے کہ ایران نواز حوثی باغی سابق منحرف صدر علی عبداللہ صالح کو قتل کرسکتے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق شمالی یمن کی مآرب گورنری میں مقامی قیادت کے ایک اجلاس سے خطاب میں نائب صدر جنرل علی محسن الاحمر نے کہا کہ آئینی حکومت کا تختہ الٹنے اور حوثی باغیوں کو ملک کے کئی شہروں پر قبضہ کرانے میں علی صالح نے بھی ان
کی مدد کی۔ علی صالح کی بھرپور مادی اور معنوی مدد کے بعد ہی حوثی باغی ملک کے اداروں اور شہروں پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔نائب صدر کا کہنا تھا کہ جنہیں علی صالح ’سیاہ لکیر‘ قرار دیتے تھے ان انہیں عبورکرنے میں علی صالح نے حوثیوں کی مدد کی۔ ملک کا نظام درہم برہم کرنے، ریاستی اداروں پر ایران نواز گروپ کا قبضہ کرانے اور دیگر جرائم میں مدد کرنے کے باوجود حوثی علی صالح سے خوش نہیں ہوئے۔ وہ آج ان کی جان لینے کے در پے ہیں۔علی محسن الاحمر نے کہا کہ حوثی بد عہد ہیں اور وہ کسی بھی وقت علی صالح کو قتل کرسکتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج اگر حوثی صنعاء پر قابض ہیں تو وہاں تک پہنچانے میں انہیں علی صالح کی معاونت کا بھی کلیدی کردار ہے۔