کینبرا(این این آئی)بھارت نے آسٹریلیا سے سفارتی سطح پر احتجاج کیا ہے جس کی وجہ ایک اشتہار میں ہندو مذہب کے بھگوان گنیش کو دیگر مذاہب کی شخصیات کے ہمراہ بھیڑ کا گوشت کھانے کی عکاسی کی گئی ہے۔ٹی وی کے اشتہار میں گوشت کی انڈسٹری سے وابستہ گروہ نے مختلف مذاہب کی شخصیات کو کھانا کھاتے ہوئے دکھایا ہے۔آسٹریلیا کی ہندو کمیونٹی اس اشتہار پر برہم ہے کیونکہ بھگوان گنیش نے کبھی گوشت نہیں
کھایا۔میڈیارپورٹس کے مطابق کینبرا میں انڈین ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ انھوں نے آسٹریلوی حکومت کے تین ڈیپارٹمنٹس میں اس معاملے کو اٹھایا ہے۔بھارتی ہائی کمیشن نے میٹ اینڈ لائیو سٹاک آسٹریلیا، ایم ایل اے پر یہ زور بھی دیا کہ وہ اس اشتہار کو بند کر دے کیونکہ لوگوں کے لیے یہ ‘اشتعال کا باعث ہے اور اس سے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔آسٹریلیا میں اشتہارات سے متعلق ادارے اے ایس بی کا کہنا تھا کہ اس اشتہار کے بارے میں انھیں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے 30 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔آسٹریلیا کی ہندو کونسل کا کہنا تھا بھیڑ کا گوشت کھانے کی ترویج کے لیے گنیشا کی تصویر کا استعمال ایک غیر پختہ اور ناپسندیدہ فعل تھا۔جس اشتہار کے حلاف ایک آن لائن پٹیشن میں 4400 سے زیادہ دستخط کیے ہیں۔