نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک) خالصتان افیئرز امریکہ کے سربراہ امر جیت سنگھ نے کہا ہے کہ اگر بے نظیر بھٹو سکھوں کی لسٹیں بھارت کے حوالے نہ کرتیں تو اس وقت دنیا کے نقشے پر خالصتان ایک آزاد ملک کی حیثیت سے ہوتا اور پاکستان کی ہر طرح سے مدد کر رہا ہوتا۔ ۔ امر جیت سنگھ نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اور راجیو گاندھی کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا کہ پاکستان بھارت کو سکھوں کی لسٹیں فراہم کرے گا اور بھارت سیاچن سے اپنی فوجیں واپس بلا لے گا۔ بھارت چالاک تھا اور اس نے لسٹوں کے
مطابق سکھ جانبازوں کی نسل کشی کی اور جب بھارت اپنے مقصد میں کامیاب ہو گیا تو راجیو گاندھی نے بے نظیر بھٹو کو پیغام بھیجا کہ آپ کا بہت شکریہ ، آپ نے جس طرح ہماری مدد کی اس کا تو ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے، لیکن افسوس کے ساتھ مجھے یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں آپ سے اپنا وعدہ پورا نہیں کر سکتا کیوںکہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ نہیں مان رہی۔ امر جیت سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ مرنے سے پہلے بے نظیر بھٹو نے اپنے ایک انٹرویو میں اقرار کیا تھا کہ بھارتی پنجاب جب بھارت کے ہاتھوں سے نکل رہا تھا تو اس نازک موڑ پر ہم نے بھارت کی مدد کی تھی لیکن راجیو گاندھی حکومت نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔