نئی دہلی(این این آئی)نائب بھارتی چیف آف آرمی اسٹاف نے اعتراف کیاہے کہ پاکستان کے پاس بھارت کے مقابلے میں بہتر دفاعی انڈسٹریل بیس موجود ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے نائب آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ساراتھ چاند نے ایک دفاعی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اس وقت بھارت سے بہتر دفاعی صنعت کا حامل ہے اور اس کی دفاعی برآمدات بھی بھارت سے زیادہ ہیں۔
اپنی اسلحہ ساز فیکٹریوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی آرڈیننس فیکٹریز نے خود کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ نہیں کیا وہ کسی کے ساتھ مقابلے کی اہل نہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہماری اپنی اسلحہ ساز فیکٹری بھارتی فوج کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی صنعت کے پیچھے رہ جانے کی ایک وجہ احتساب کانہ ہونا ہے۔