کراچی(این این آئی)نوجوان سعودی انجینئر نے حجاج کرام کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لئے خصوصی چھتری تیار کرلی ہے۔سعودی اخبار البلاد کی رپورٹ کے مطابق سعودی انجینئر محمد صائغ نے مظل مکہ کے نام سے 610گرام وزنی ایئر کنڈیشنڈ چھتری تیار کی ہے، جو حجاج کرام کو سخت درجہ حرارت اور ذہنی وجسمانی تھکاوٹ سے محفوظ رکھ سکے گی۔
محمد صائغ نے اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس چھتری میں ایک پنکھا نصب ہے جسے دو مختلف رفتاروں سے چلانے کی گنجائش ہے۔ چھتری میں پانی کی پھوار کیلئے ایک دستی نظام بھی رکھا گیاہے۔چھتری عام بیٹری کی مدد سے مسلسل 8گھنٹے تک موثر ہوگی، حجاج کرام اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔ایک کمپنی حج سیزن شروع ہونے سے قبل یہ چھتری مارکیٹ میں لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔