قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب سمیت چار عرب ملکوں کی قطر کی ناکہ بندی جاری ہے۔ مصری حکام نے قطری بحری جہاز کو بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے نہیں دیا۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے قطر کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔نہر سوئیز حکام نے کہاکہ قطر کے بحری جہاز کو عالمی سمندری حدود میں جانے کی اجازت ہے لیکن مصری قانون کے مطابق وہ اسے مصر کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے یا قریب سے گزرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے پانچ جون سے قطر کی ناکہ کی ہوئی ہے
۔قطر کیلئے زمینی اور فضائی راستے بھی بند ہیں۔ قطر کا بحران حل کرانے کیلئے جرمنی اور کویت کے بعد برطانیہ بھی سرگرم ہے۔برطانوی وزیر خارجہ نے کویت میں کویتی ہم منصب شیخ صباح الخالد الصباح سے کویت سٹی میں ملاقات کی اور قطر کے بحران کے حل کیلئے کویتی کوششوں کی حمایت کی۔جمعے کے روز بورس جانسن سے سعودی عرب کے حکام سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عرب ممالک قطر کی ناکہ بندی ختم کردیں۔ بورس جانسن نے دوحہ آمد پر قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبد الرحمان الثانی سے ملاقات کی اور عرب ملکوں سے تنازع ختم کرانے پر تبادلہ خیال کیا۔