سیول (این این آئی)شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اْن نے اپنے ملک کے حالیہ میزائل تجربے پر تبصرے کے دوران معمول سے ہٹ کر امریکیوں کے لیے انتہائی قبیح اور سْوقیانہ لفظ کا استعمال کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ امریکا کے جشن آزادی کے موقع پر اْس کے ناجائز فرزندان کے لیے ایک تحفہ ہے۔
کِم جونگ اْن نے ایسا لفظ استعمال کیا جو شادی کے تعلق سے ہٹ کر جنسی تعلقات کے واسطے استعمال ہوتا ہے۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کِم جونگ اْن نے مزید کہا کہ چار جولائی کی یاد منانے کے حوالے سے میری طرف سے بھیجے جانے والے اس تحفے پر امریکا کے ناجائز بچے خوش نہیں ہوں گے۔اس کے بعد شمالی کوریا کے سربراہ نے زور دار طریقے سے ہنستے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ وقتا فوقتا انہیں تحفے بھیجتے رہا کریں تا کہ اْن کی بوریت اور بیزاری کو ختم کرنے میں مدد کر سکیں۔