نئی دہلی(این این آئی)بھارتی حکومت نے وزیر اعظم نریندر مودی کے چائے اسٹال کو عالمی سیاحتی مقام میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت کی مشرقی ریاست گجرات کے چھوٹے سے شہر ویدنگر کے نواحی علاقے میں واقع ایک ریلوے اسٹیشن پر موجود چائے خانے پر نریندر مودی نے اپنے والد کے ساتھ چائے فروخت کی تھی۔
ودینگر شہر نریندر مودی کا آبائی شہر ہے جس کی آبادی محض 25 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔نریندر مودی نے اپنی انتخابی مہم میں بھی کئی بار اس چائے خانے کا ذکر کیا، انہوں نے خود کو ’چائے والے کا بیٹا‘ کہ کر لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے کی کوشش کی تھی۔بھارتی حکومت نے مودی کے چائے اسٹال کو عالمی سیاحتی مقام میں تبدیل کرنے کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی خطیر رقم جاری کردی۔اس منصوبے کی تکمیل رواں برس ستمبر تک کر دی جائے گی۔بھارت کے وزیر ثقافت نے کہاکہ اس چائے اسٹال کو عالمی سیاحتی مقام میں تبدیل کرکے اس کا نقشہ عالمی سیاحتی مقامات سے جوڑا جائے گا، تاکہ لوگ یہاں آکر اس تاریخی جگہ کو دیکھ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ودینگر میں 7 سے 8 مقامات ایسے ہیں، جنہیں سیاحتی مقامات میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مودی کے چائے اسٹال کے ساتھ ساتھ سرمشتا جھیل، کلاک ٹاور، بدھ مت پیروکاری کے کھنڈرات اور ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔