انقرہ (آئی این پی)ترک حکومت نے4000 ججوں اور سرکاری وکلا کو فارغ کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی کے وزیر انصاف باقر بزداگ نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں سے ایسے 4000 ججوں اور سرکاری وکلا کو فارغ کر دیا گیا ہے، جن پر گزشتہ برس کی بغاوت کے بعد سے خفیہ اداروں کو کسی قسم کا شک و شبہ رہا ہے۔
بزداگ کے مطابق عدلیہ اب ایسے عناصر سے صاف کر دی گئی ہے، جن کا تعلق امریکا میں مقیم مبلغ فتح اللہ گولن سے ہے۔ انقرہ حکومت گزشتہ برس وسطِ جولائی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کا ذمہ دار گولن کو ٹھہراتی ہے۔ اِس بغاوت کے بعد سے اب تک عدلیہ، سول سروس اور پرائیویٹ سیکٹر میں ایک لاکھ افراد کو ملازمتوں سے برخاست کیا جا چکا ہے۔