اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے سعودی عرب کے حالیہ دورے میں وقت کی قلت کے باعث اسلامی کانفرنس سے خطاب نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں بھارت سمیت دہشتگردی سے متاثرہ ہال میں موجود تمام ممالک کا نام لیا تھا۔ وقت کی قلت کے باعث تیس ممالک کےسربراہ کانفرنس سے خطاب نہیں کر سکے، خطاب کا موقع نہ ملنے پر سعودی فرمانروا نے تمام شرکا سے ذاتی طور پر معذرت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی جیسے عالمی مسئلے پر کیا پاکستان کے کردار پر کسی کو کوئی شک ہے؟ ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج کاکشمیریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث ہیں۔مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔سری نگر کی جامع مسجد کے باہر ہر جمعہ کو بھارتی افواج تعینات کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشتگردی،انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں حقیقت ہیں لہٰذا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کا نوٹس لے۔