لکھنو(این این آئی)بھارت کی شمالی ریاست اترپردیش کے فیض آباد شہر میں 22 مسلمانوں نے ہندو مذہب اختیار کر لیا ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق مذہب تبدیل کرنے کی تقریب ہندو نظریاتی تنظیم آر ایس ایس کے ایک مقامی لیڈر کی نگرانی میں ہوئی۔ یہ تقریب آریہ سماج کے ایک مندر میں کی گئی۔مذہب تبدیل کرنے والوں کا کہنا تھاکہ انھیں نہ کوئی لالچ دیا گیا اور نہ ان کے ساتھ کوئی زور زبردستی ہوئی۔
ان کے مطابق ان کے گھر والے تقریباً 25 سال پہلے مسلمان ہوگئے تھے اور اب وہ اپنی مرضی سے دوبارہ ہندو مذہب میں داخل ہوگئے ہیں۔مذہب تبدیل کرنے والوں میں سے ایک لال محمد ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارے والد ہندو مذہب پر عمل کرتے تھے، بیچ میں کسی وجہ سے وہ مسلمان ہوگئے اور ہمارا نام لال محمد رکھ دیا، اب ہم اسی مذہب میں دوبارہ شامل ہوگئے ہیں جسے ہمارے والد پہلے مانتے تھے اور ہم نے اپنا نام لال من رکھ لیا ہے۔آر ایس ایس کے مقامی پرچارک کیلاش چندر سری واستو نے کہا کہ اسلام چھوڑنے والے سبھی افراد نے اپنی مرضی سے ہندو مذہب اختیار کیا ہے۔ ان افراد کے گھر والوں نے کسی وجہ سے اسلام قبول کر لیا تھا اب یہ گھر واپس آ رہے ہیں اس لیے گھر واپسی پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔