راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق سعودی بادشاہ نے جنرل زبیر محمود حیات کو سعودی عرب کے اہم ترین فوجی
اعزاز ‘میڈل آف ایکسی لینس سے نوازا۔سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کی ملاقات میں خطے کے سیکیورٹی مسائل سمیت دو طرفہ مفاد کے معاملات زیر غور آئے۔سعودی حکمراں نے پاکستان کی دہشت گردوں کے خلاف جنگ اور خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔