اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جوہری ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کے جوہری ہتھیاروں کا مقابلہ کیے بغیر پاکستان اپنی جوہری طاقت کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گا۔جینوا میں اقوام متحدہ کیلئے سابق پاکستانی سفیر ضمیر اکرام نے اسٹریٹجک ویژن انسٹی ٹیوٹ (ایس وی آئی) کی جانب سے منعقدہ ایک سیمنار سے خطاب کے دوران کہا کہ ‘ہم اسے برابری کی بنیاد پر نہیں لے رہے، ہم اسے تناسب کے حوالے سے لے رہے
ہیں، ہم اسے اپنے تحفظ کیلئے جوابی حملے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔سمینار کا موضوع ‘ساؤتھ ایشیا نیوکلیئر ڈاکٹرائن: جوہری ہتھیاروں کا توازن اور اسٹریٹجک استحکام تھا۔انھوں نے کہا کہ درست کام اور معتبر جوہری طاقت صرف جوابی حملے کی صلاحیت سے حاصل ہوسکتا ہے جو کہ تیار کرلیا گیا ہے، انھوں نے نوٹ کیا کہ سب سے بڑی ضرورت اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جوہری طاقت کیلئے کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔