اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)کل بھوشن کی حرکتوں کا بھانڈا خود بھارتی میڈیا نے پھوڑ دیا، بھارتی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ نیوی آفیسر کل بھوشن نے حسین مبارک کے نام سے پاسپورٹ بنوایا، لمبے لمبے عرصے تک غائب رہتا تھا، انڈین ایکسپریس کے مطابق، ایران نے کل بھوشن کی سرگرمیوں سے متعلق بھارت کو آگاہ کر دیا تھا،
انڈین ایکسپریس کے مطابق کل بھوشن یادیو نے نومبر 2003میں پونے سے پاسپورٹ بنوایا جس پر اس کا نام حسین مبارک پٹیل درج تھا۔ نیوی میں کل بھوشن کے ساتھی اسے فراڈ شخص سمجھتے تھے جو لمبے لمبے عرصے تک غیرحاضر رہتا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، پاسپورٹ پر دیا گیا کل بھوشن کا گھر کا ایڈریس بھی نامکمل تھا۔ اس کے بیرون ملک منفی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے وسیع اشارے بھی ملے ہیں۔ کل بھوشن ممبئی کے ریٹائرڈ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کا بیٹا ہے۔ اخبار کے مطابق، ایران میں بھی اس کی سرگرمیاں مشکوک تھیں۔ ایران نے کلبھوشن کی سرگرمیوں کی تحقیقات سے بھارت کو آگاہ بھی کر دیا تھا۔