دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک)شام کی پارلیمان نے پاسپورٹ کے اجراء،تجدید اور سفری دستاویزات کے حصول کے لیے قونصلر فیس میں اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اب شامی پاسپورٹ دنیا میں مہنگا ترین بن گیا ہے۔ شامی عرب خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجوزہ قانون کی دفعہ نمبرایک میں کہا گیا ہے کہ پاسپورٹ کے اجراءیا تجدید اور شامیوں کے لیے سفری دستاویزات کی قونصلر فیس 800 ڈالرز
ہو گی۔ماضی میں ان سفری خدمات اور پاسپورٹ کے اجراءکے لیے قونصلر فیس 400 ڈالرز لی جاتی تھی۔ گذشتہ سال ورلڈ اٹلس کی جاری کردہ درجہ بندی کے مطابق ایک شامی پاسپورٹ کے اجراءکی لاگت دنیا میں سب سے زیادہ آتی تھی۔اس کے بعد ترکی کا پاسپورٹ سب سے مہنگا تھا اور اس کی لاگت 250 ڈالرز تھی۔ آسٹریلیا کی سفری دستاویزات تیسرے نمبر پر تھیں اور ان کی لاگت 200 ڈالرز کے لگ بھگ تھی۔