ممبئی( آن لائن ) بھارتی ڈاکٹرز نے دنیا کی سب سے وزنی قرار دی جانے والی کی کامیاب سرجری کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق 500 کلو وزن کی حامل 39 سالہ ایمان احمد نامی خاتون گذشتہ 2 دہائیوں سے ہلنے جلنے سے قاصر تھیں۔مصر سے تعلق رکھنے والی ایمان گذشتہ ہفتے وزن میں کمی کے لیے معدے کی سرجری کروانے بھارت لائی گئیں تھیں جبکہ ممبئی کے ہسپتال میں زیرعلاج تھیں۔ہسپتال
سے جاری ہونے والے بیان میں ایمان احمد کے کامیاب آپریشن کا اعلان کیا گیا۔ہسپتال کے مطابق اب ایمان کو مائع غذا دی جارہی ہے جبکہ ان کی حالت کافی بہتر ہے، خاتون کو لاحق دیگر بیماریوں کے لیے میڈیکل ٹیم اب بھی مصروف ہے۔ دنیا کی وزنی ترین خاتون کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹرز پرامید ہیں وہ جلد ہی مصر روانہ ہوسکیں گی۔سیفی ہسپتال کی ترجمان کے مطابق آپریشن سے قبل خاتون کے وزن میں 100 کلو کمی کی گئی۔یاد رہے کہ فروری میں خاتون کو مصر سے کارگو طیارے کے ذریعے ہندوستان بھیجا گیا تھا جبکہ انہیں گھر سے ایئرپورٹ منتقل کرنے کے لیے کرین کی مدد لینا پڑی۔500کلوگرام وزنی خاتون کی بہن نے گذشتہ سال اکتوبر میں ممبئی کے سیفی ہسپتال کے ڈاکٹر سے اپنی بہن کے علاج کے لیے رابطہ کیا تھا جبکہ انہیں بتایا تھا کہ بچپن میں ‘ایلیفینٹیاسز’ نامی بیماری کی تشخیص کی گئی تھی، جس کے باعث ان کا جسم سوج چکا ہے اور حرکت کے قابل نہیں رہا۔یہ بھی یاد رہے کہ وزنی خاتون کو بھارت کے ویزے کے حصول کے لیے بھارت کے وزیر خارجہ کی مداخلت کی ضرورت پڑی جبکہ ان کی ہدایت کے بعد ہی وہ بھارت کا ویزا حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔۔