اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملائیشیا میں تعینات شمالی کوریا کے سفیرناپسندیدہ شخصیت قرار۔ 48گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشیا نے اپنے ملک میں تعینات شمالی کوریا کے سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 48گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ یاد رہے کہ شمالی کوریا کے
صدر کم جانگ کے سوتیلے بھائی کم جانگ نیم کو کوالالمپور ائیرپورٹ پر طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئے تھے ۔ کم جانگ نیم کی موت کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ ان کی موت طبعی نہیں بلکہ قتل ہے اور ان پر ایک مہلک کیمیکل کا سپرے کیا گیا تھا جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی ہےجبکہ اپنی موت سے قبل کم جانگ نیم نے ہسپتال میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان پر کسی نے سپرے کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملائیشین حکام اس سے قبل کم جانگ نیم کے قتل پر خدشات کا اظہار کرچکے ہیں اور شمالی کوریا کے سفیر کی ملک بدری کے احکامات انہیں خدشات کے پیش نـظر عمل میں لائے گئے ہیں۔