واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قومی سلامتی کے مشیر کے لیے چنے گئے ریٹائرڈ وائس ایڈمرل رابرٹ ہارورڈ نے یہ عہدہ سنبھالنے سے انکار کر دیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق 60 سالہ ایڈمرل ہارورڈ اورٹرمپ انتظامیہ کے درمیان وجہ تنازع یہ بات بنی کہ وہ اس عہدے کے ماتحت کام کرنے کے لیے اپنی ٹیم لانا چاہتے تھے۔وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکارنے نام نہ ظاہر کرنے کیشرط پرخبر رساں ادارے کو بتایا کہ ایڈمرل ہارورڈ نےذاتی وجوہات کی بنیاد پر انتظامیہ کو بتا دیا ہے کہ
وہ یہ عہدہ نہیں سنبھال سکتے۔اسوقت ایڈمرل ہارورڈ ابوظہبی میں مقیم ہیں جہاں وہ امریکی دفاعی کانٹریکٹر لاک ہیڈ مارٹن کے متحدہ عرب امارات کے آپریشنز کے سربراہ ہیں۔ان کے بعد اس عہدے کے لیے پسندیدہ ناموں میں جنرل ڈیوڈ پیٹریئس اور جنرل فلن کی جگہ عارضی طور پر یہ ذمہ داری نبھانے والے ریٹائرڈ جنرل جوزف کیتھ کیلوگ شامل ہیں۔یاد رہے کہ امریکہ کی حکمران جماعت رپبلکن پارٹی کے نمایاں ارکان نے بھی قومی سلامتی کے لیے صدر ٹرمپ کے سابق مشیر مائیکل فلن کے روسی حکام سے رابطوں کی وسیع تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کی ہے۔