واشنگٹن(این این آئی) امریکا کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ جان برینن نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ انہیں صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی زبان پر قابو رکھنا ہوگا کیوں کہ ان کے حلف لینے کے بعد ریاست ہائے متحدہ امریکا کا مفاد اولین ہوگا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سی آئی اے چیف جان برینن کا کہنا تھا کہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ جب بات کرتے ہیں یا ٹوئٹر پر کوئی پیغام دیتے ہیں تو انہیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ اس سے ملکی مفادات متاثر نہ ہوں کیوں کہ اب یہ معاملہ صرف ان کا نہیں بلکہ ریاست ہائے متحدہ امریکا کا ہے اور جب وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے تو سب سے مقدم ملکی مفاد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ روس کی اہلیت اور نیتوں کے بارے میں زیادہ اداراک نہیں رکھتے اور روس کو ہرمعاملے میں بری الذمہ قرار دینے میں احتیاط کا مظاہرہ کریں۔سی آئی اے چیف نے کہا کہ امریکا کا صدر ٹوئٹر پر پیغامات کے ذریعے ملکی اہمیت کیاعلانات نہیں کر سکتا، نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ تواتر کے ساتھ قومی اہمیت کے حامل معاملات پر ٹوئٹر پیغامات کیذریعے اعلانات کر رہے ہیں۔